65

ڈاکو ہلاک ، مشین کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ، 4تاجروں سے 2کروڑ کافراڈ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ کشمیر روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ میں 1ڈاکو ہلاک’ ساتھی فرار’ ہارویسٹر مشین کی زد میں آ کر خاتون جاں بحق’ نامعلوم چور 2 سکولز کے تالے توڑ کر بھاری مالیت کا سامان لے اُڑے’ چالاک ملزمان کاروبار کا جھانسہ دیکر 4 تاجروں سے 2 کروڑ ہتھیا لئے جبکہ اوباش افراد نے دو لڑکیوں کو بے آبرو اور طالبہ سمیت 6 لڑکیوں کو اغواء کر لیا، تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ کشمیر روڈ پر محلہ عثمان گارڈن کے قریب موٹرسائیکل سوار 2مسلح ڈاکوئوں نے آصف نامی شہری کو لوٹ کر فرار ہوئے تو اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی نے تعاقب کیا تو ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، تاہم جوابی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے ایک ڈاکو زخمی ہو کر گر پڑا جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا، کچھ دیر بعد پولیس پارٹی نے دیکھا تو زخمی ڈاکو زندگی کی بازی ہار چکا تھا، مرنے والے ڈاکو کی شناخت اسد عرف ذوالفقار کے نام سے ہوئی جوکہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکو کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ تھانہ کُر کے علاقہ موضع حسوکے کے رہائشی ظفر اقبال نے بتایا کہ اسکی والدہ 60 سالہ شریفاں بی بی کھیتوں میں کام کر رہی تھی کہ اس دوران ہارویسٹر مشین کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئی، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گئی، گورنمنٹ ہائی سکول 440 گ ب کے ہیڈ ماسٹر مقصود شاد نے بتایا کہ نامعلوم چور رات کے وقت سکول میں داخل ہو کر کمروں کے تالے توڑ کر پنکھے’ لال پمپ اور دیگر سامان لے گئے اور 139 گ ب کے رہائشی عزت خان نے بتایا کہ اس نے پرائیویٹ سکول کے تالے توڑ کر چور بھاری مالیت کا سامان لے اُڑے’ جبکہ سمن آباد کے رہائشی ملک خالق داد نے بتایا کہ اس کے ملزمان نے 90لاکھ کا کوئلہ خرید کر بدلے میں چیک دیا جو کہ بوگس نکلا اور منصورآباد کے تاجر مصطفی کو کاروبار کا جھانسہ دیکر ملزمان ریاض وغیرہ نے 75لاکھ کی رقم حاصل کی، منافع دیا نہ رقم واپس کی مطالبہ کرنے پر چیک دیئے جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکے۔ ریلبازار کے تاجر شیخ محمد نعیم نے بتایا کہ ملزمان اسلم وغیرہ کے پاس 26 لاکھ 44ہزار روپے مالیت کے 1397 سوٹ امانت رکھے ہوئے تھے، واپسی کا مطالبہ کیا تو لیت ولعل کے بعد انکاری ہو گئے۔ سمن آباد کے علاقہ نثار کالونی کے عبدالغفار نے بتایا کہ وہ اﷲ کی رضا کی خاطر جامع مسجد زینب کی تعمیر کروا رہا تھا کہ ٹھیکیدار 9لاکھ کی رقم لیکر رفوچکر ہو گیا’ علاوہ ازیں غلام محمد آباد کے علاقہ گرین ٹائون کی رہائشی ثمینہ بی بی نے بتایا کہ ملازمت کا جھانسہ دیکر ملزم فیصل نے ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ 391 گ ب کی رہائشی ثمینہ رستم نے بتایا کہ اوباش ملزم ذیشان وغیرہ نے اسکی بھابھی ارم بی بی کو اغواء کر کے بے آبرو کر دیا، روشن والا کے علاقہ 253 رب کے رہائشی سلیم کی جواں سالہ بیٹی (الف) کو اوباش ملزم عمران نے زیادتی کی کوشش کی’ غلام محمد آباد کے علاقہ محلہ صادق آباد کے رہائشی عبدالغفور کی جواں سالہ نواسی (م)’ ملت ٹائون کے علاقہ باوا چک کے رہائشی سلیمان کی اہلیہ (ث)’ جڑانوالہ کے علاقہ محلہ رضاآباد کے رہائشی اسلم کی اہلیہ (پ)’ بلوچنی کے علاقہ 91 رب کی (ز) کو ملزمان اصغر علی وغیرہ اور سمندری کے رہائشی ندیم مسیح کی جواں سالہ بیٹی (الف) گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں جا رہی تھی کہ اوباش ملزم آکاش وغیرہ نے اغواء کر لیا، پولیس نے مقدمات درج کر لیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں