ڈاکٹرز نے جگر، گردوں کی پیوند کاری میں مہارت حاصل کرلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستانی ڈاکٹر وں نے جگر ، گردوںاور لبلبہ کی پیوندکاری میں بین الاقوامی معیار کی مہارتیں حاصل کر لی ہیں اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کو اس بارے میں آگاہی دیں تاکہ انہیں اس سلسلہ میں انڈیا، چین اور دوسرے ممالک میں نہ جانا پڑے ۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کی ایک ٹیم کے دورہ چیمبر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں PKLI کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ اِن کی خدمات اور سروسز کے بارے میں مقامی بزنس کمیونٹی کی آگاہی کیلئے بھر پور مہم چلائیں گے تاکہ لوگوں کو معلوم ہو کہ یہ جدید سہولتیں اب پاکستان میں ہی دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر پیوندکاری سے نہ صرف مریضوں کو آسانی ہو گی بلکہ ملک کا قیمتی زرمبادلہ بھی بچے گا۔ اس موقع پر سی ایم او ۔ جنرل منیجر مارکیٹنگ آپریشنز طارق زمان نے پی کے ایل آئی میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ان کے ادارے کو پیوندکاری کے حوالے سے ملک کے نمبرون ہسپتال کے طور پر پہنچانا جاتا ہے۔ انہوں نے پی کے ایل آئی کو ہارورڈ کے معیار کا ہسپتال قرار دیا جہاں پیوندکاری کی سہولتیں مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ اس شعبہ میں جدید ریسرچ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، ایگزیکٹو ممبران فاروق یوسف، حاجی محمد عطاء اللہ، مرزا زاہد اقبال اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں