ڈاکٹروں کو ہراساں کرنیکی اجازت نہیں دی جائیگی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے نجی شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔ وہ آج پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر رائے عارف سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے چیمبر کا دورہ کیا اور صدر فاروق شیخ سے ڈاکٹر کمیونٹی کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر رائے عارف نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اس بات پر متفق ہے کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی جائے مگر اِس کی آڑ میں ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے قوانین کا اطلاق پورے پاکستان پر ہوتا ہے مگر صرف پنجاب میں یہ اقدامات ناقابل فہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے فیصل آباد ضلع بھر کے ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم ہے جو دور دراز علاقوں میں غریبوں کو طبی سہولتیں مہیا کرنے والے مستند ڈاکٹروں کی نمائندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 1500روپے تک فیس لینے والوں کی بجائے دوہزار سے تین ہزار تک فیس لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طبی شعبہ میں ہر مریض کی پرائیویسی ہوتی ہے مگر ہسپتالوں میں جا کے مریضوں سے اُن کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے نجی ہسپتالوں میں پوائنٹ آف سیل مشینیں لگانے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں تاجروں، ڈاکٹروں، اساتذہ اور وکلا کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر پورے ضلع کی واحد منتخب ضلعی، تجارتی اور کاروباری تنظیم ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی کے مسائل میں یکسانیت پیدا کر کے اُن کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر نائب صد رانجینئر عاصم منیر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں