ڈاکٹر آصف ملک پر قاتلانہ حملے میں ملوث گینگ گرفتار

پشاور(بیورو چیف)معروف سرجن ڈاکٹر آ صف ملک پر قاتلانہ حملے میں ملوث گینگ کو جدید ٹیکنا لو جی اور سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ملزمان نے ڈاکٹر آ صف ملک کو گھر کے قریب فائرنگ کر کے نشانہ بنایا تھا۔پولیس کے مطابق ڈاکٹر آصف ملک سابق آئی جی خیبرپختونخوا ملک نوید کے بھائی ہیں اور وہ کڈنی ٹرانسپلانٹ کے نامور سرجن ہیں۔واقعے کی تفتیش کے دوران شہر بھر کے کیمروں اور سیف سٹیز سسٹم کی مدد لی گئی جبکہ اسلام آباد سیف سٹی سے بھی تعاون حاصل کیا گیا۔سی سی پی او کے مطابق حملے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق کوہاٹ کے علاقے استرزئی سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان نے 29مارچ سے حیات آباد میں ڈاکٹر کی ریکی کی، جبکہ حملہ آوروں کی گاڑی یکم اپریل کو اسلام آباد سے مری گئی اور گاڑی ایک خاتون کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔پولیس کے مطابق واقعہ دہشت گردی یا ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ مالی تنازعہ کا نتیجہ نکلا۔ ملزم کے بیان کے مطابق دبئی میں تین لاکھ ڈالر کے لین دین پر اختلاف کے باعث ڈاکٹر آصف ملک پر فائرنگ کی گئی۔سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ گزشتہ سات ماہ میں اسٹریٹ کرائم کے 192کیسز ٹریس کیے گئے ہیں جبکہ پشاور میں بینک ڈکیتیوں میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں