ڈبل ڈیکر بس شام کے اوقات میں بھی چلے گی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ سیاحت (ٹورازم ڈیپارٹمنٹ) فیصل آباد کی جانب سے شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کی کاوشیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈبل ڈیکر بس سروس کو اب شام کے اوقات میں بھی چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہری گرمی کے دوران بھی سہولت کے ساتھ سیر و تفریح کا لطف اٹھا سکیں۔ مینجر آپریشن ذاکر حسین کے مطابق گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب ڈبل ڈیکر بس دن کے اوقات کے علاوہ روزانہ شام 6بجے اور 8بجے اپنے مقررہ روٹ پر روانہ ہوا کریگی۔شہری اب شام کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ شہر کے روشن مناظر کا بھرپور لطف لے سکیں گے۔ذاکر حسین نے مزید بتایا کہ یہ سروس شہریوں کو نہ صرف سیر و تفریح کی سہولت فراہم کر رہی ہے بلکہ فیصل آباد کی ثقافت، تاریخ اور موجودہ ترقیاتی چہرے کو اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیملیز، بچے اور نوجوان بڑی تعداد میں اس سروس کا حصہ بن رہے ہیں اور ان کا مثبت فیڈ بیک حوصلہ افزا ہے۔ اس بس سروس کے ذریعے شہری فیصل آباد کی مشہور عمارات، تاریخی مقامات، مصروف شاہرائوں اور جدید ترقیاتی منصوبوں کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر رات کے وقت شہر کی روشنیوں، سڑکوں پر چمکتی روشنیاں، دلکش لائٹنگ اور ہوادار ماحول شہریوں کو ایک نیا منظر دکھاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں