9

ڈجکوٹ ،تاندلیانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے،3ڈاکو ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ڈجکوٹ اور تاندلیانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3ڈاکو ہلاک’ 1زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 2فرار ہو گئے، پولیس مارے جانیوالے ڈاکوئوں کی نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ ڈجکوٹ کے علاقہ میں 269 رب کے قریب سمندری کا رہائشی چک جھمرہ میں تعینات اے ایس آئی فرحان ڈیوٹی ختم کر کے گھر جا رہا تھا کہ جب وہ ڈجکوٹ کے علاقہ 269رب کے قریب پہنچا تو دو مسلح ڈاکوئوں نے روک کر لوٹنے کی کوشش کی تو تھانیدار فرحان نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کر دی گولیاں لگنے سے 1ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی بری طرح زخمی ہو گیا، مارے جانیوالے ڈاکو کی شناخت رضوان جبکہ زخمی ڈاکو کی شناخت ابرار کے نام سے ہوئی، اطلاع ملتے ہی ڈجکوٹ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مارے جانیوالے ڈاکو کی نعش اور زخمی ڈاکو کو حراست میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسرا مقابلہ تھانہ تاندلیانوالہ سٹی کی حدود میں ہوا، جہاں پر شہری نے ریسکیو15پر کال کی چار ڈاکوئوں نے نقدی وغیرہ لوٹ کر فرار ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ایگل سکواڈ پر پولیس نے ڈجکوٹ روڈ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو کر فیصل ٹائون کی گلی میں جا کر چھپ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر شمس الحق تاندلیانوالہ سٹی کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سی پی او کامران عادل بھی موقع پر جا پہنچے اور ضلعی پولیس’ ایلیٹ فورس نے علاقہ کو گھیرا میں لے کر ڈاکوئوں کو گرفتاری دینے کا کہا تو ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، تاہم جوابی فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر قریب جا کر دیکھا تو دو ڈاکو مردہ حالت میں پڑے تھے اور ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والے ڈاکوئوں کی شناخت ساجد عرف پپو مسیح اور انوارالحق کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونے والے ان کے 2ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں