ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے2ادویات کو جعلی قرار دیکر ضبط کرنیکا حکم دیدیا

اسلام آباد(بیوروچیف)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)نے2ادویات کو جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ڈریپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایفاسٹن (Efaston)اور پیرا کیئر (پیراسٹامول)میں فعال جزو موجود نہیں ہے۔ڈریپ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایسی جعلی ادویات عوامی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہیں کیونکہ یہ علاج میں ناکامی، بیماری بڑھنے اور جان لیوا نتائج تک کا سبب بن سکتی ہیں، خاص طور پر ان مریضوں کیلئے جو ان ادویات پر اہم علاج کے لیے انحصار کرتے ہیں۔بیان میں عوام کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ ان مبینہ ادویات کا استعمال نہ کریں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صارفین متاثرہ بیچ نمبروں والی ادویات کا استعمال فوراً بند کریں اور اگر دوا کے استعمال کے بعد کسی قسم کا مسئلہ درپیش ہو تو اپنے معالج یا طبی ماہر سے فوری طور پر رابطہ کریں۔ڈریپ نے طبی ماہرین، ہسپتالوں، فارمیسیوں اور دیگر متعلقہ اداروں سے درخواست کی کہ وہ اپنی سپلائی چین میں ان مصنوعات سے متعلق اضافی احتیاط برتیں، اور اگر کسی مریض کو ان ادویات کے استعمال سے کوئی منفی اثر یا معیار سے متعلق شکایت ہو تو فورا رپورٹ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں