ڈمپر حادثات سے کراچی میں حالات کشیدہ،5ٹینکرز نذر آتش

کراچی(بیوروچیف) کراچی میں تیز فتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار شہری زندگی کی بازی ہار گیا۔پولیس حکام کے مطابق جیل چورنگی سے حسن سکوائر جانے والے روڈ پر حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 5واٹر ٹینکروں کو آگ لگا دی، تاہم فائر بریگیڈ نے ٹینکرز میں لگنے والی آگ کو بجھا دیا، ۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت رشید کے نام سے ہوئی۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسری جانب وزیرِ داخلہ سندھ ضیا لنجار نے جیل چورنگی کے پاس ٹینکرز جلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔دریں اثنا پولیس نے ایک ڈمپر کو تحویل میں لے کر ڈمپر ڈرائیور سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے گئے افراد میں اسماعیل اورانعام اللہ شامل ہے، ڈمپر نمبر TKT-772کی مبینہ ٹکر سے موٹرسائیکل سوارشہری جاں بحق ہوا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 5واٹر ٹینکروں کو آگ لگائی تھی۔خیال رہے کہ رواں سال یکم جنوری 2025سے اب تک کراچی شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 100سے زائد شہریوں کی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں جبکہ 1495 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں