ڈویژنل انتظامیہ کی سرپرستی میں ضلع کونسل میں یوم تشکر تقریب و ریلی کا انعقاد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر معرکہ حق میں پاک فوج کی تاریخی فتح پر ڈویژنل انتظامیہ کی زیر سرپرستی یوم تشکر پر ضلعی انتظامیہ نے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا۔ضلع کونسل میں کمشنر مریم خان،آر پی او ذیشان اصغراورڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے پرچم کشائی کی۔سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی فقیر حسین ڈوگر،میاں عبدالمنان نجمہ افضل،اجمل آصف،سرکاری افسران،سول سوسائٹی کی شخصیات،سکولوں کے طلبہ اورمیڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔پرچم کشائی کے بعد کمشنر مریم خان،آرپی او ذیشان اصغر،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی قیادت میں واک کی گئی۔ضلع کونسل تا کلاک ٹاور واک میں شرکا نے پاکستانی پرچم اٹھاکر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔شرکا واک نے پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔کمشنر مریم خان کا اس موقع پر کہنا تھاکہ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمارا مستقبل محفوط بنایا۔یوم تشکر کے موقع پر پوری قوم اپنی پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔آر پی او ذیشان اصغر نے کہاکہ شہدا کی فیملیز کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔پاک فوج کی بہادری اور جرات نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کا کہنا تھاکہ قومی اتحاد و یکجہتی سے روائتی دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پوری دنیا پاک فوج کی بہادری اورجرات کی معترف ہے۔قبل ازیں علی الصبح نماز فجرکے بعد مساجد میں قرآن خوانی کرائی گئی اور شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں