ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے سے لنک کرنے کے منصوبے پر ورکنگ شروع

سرگودھا (بیورو چیف)صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدار ت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے کے ساتھ لنک کرنے کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دورا ن صوبہ پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے نیٹ ورک کے ساتھ منسلک کرنے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے افسران کو اس حوالے سے باقاعدہ ورکنگ شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں سے موٹروے کے ساتھ بآسانی لنک قائم کیا جا سکے۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، ساہیوال، راولپنڈی اور بہاولپور سمیت ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے کے ساتھ مؤثر انداز میں منسلک کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بہاولنگر اور راجن پور کے اضلاع کو بھی موٹروے سے لنک کرنے کے حوالے سے ورکنگ کی جائے تاکہ ان علاقوں کے شہریوں کو بھی بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبے کی منصوبہ بندی کرتے وقت اس امر کو مدنظر رکھا جائے کہ شہری کم سے کم وقت میں موٹروے تک رسائی حاصل کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں