ڈویژن بھر میں محرم الحرام پر امن کی فضاء برقرار رکھیں گے،مریم خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فیصل آباد ڈویژن میں پرامن عاشورہ محرم الحرام کیلئے پیشگی اقدامات تیز کردیئے گئے۔ڈویژنل انتظا میہ تمام مکاتب فکر کے درمیان بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہے۔کمشنر مریم خان کی زیر صدارت اس سلسلہ میں ممبران امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور مشائخ عظام نے امن کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں سی پی او صاحبزادہ بلال عمر،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن عامر رضا،اے ڈی سی جی کیپٹن (ر) طیب سمیع و دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر مریم خان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ علماء کرام اور سول سوسائٹی کے تعاون سے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھیں گے۔ڈویژن کے چاروں اضلاع میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ جلوسوں کے اوقات کار اور ضابطہ اخلاق پر عمل کرکے انتظامیہ سے تعاون کیا جائے۔کمشنر کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام پر اشتعال انگیزی کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹیں گے۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ پولیس کی جانب سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ علما اور مشائخ عظام لوگوں کو محبت اور اتحاد کا درس دیں۔کمشنر نے امن برقرار رکھنے کیلئے علما کرام کی تجاویز بھی سنیں۔ اجلاس کے آخر میں ملک کی ترقی وسلامتی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں