ڈپلومہ پروگرام زرعی یونیورسٹی میں چین کے اشتراک سے شروع

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کمیونٹی کالج میں جاری چین پاکستا ن مشترکہ ڈپلومہ پروگرام برائے جدید زرعی ٹیکنالو جی اور پروگرام برائے گرین اسٹور یج، ٹرانسپورٹیشن و کوالٹی سیفٹی دونوں ممالک کے مابین زرعی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ترقی کی نئی راہیں مرتب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے یونیورسٹی کے کمیونٹی کالج میں منعقدہ افتتاحی تقریب برائے گرین اسٹوریج، ٹرانسپورٹیشن اور کوالٹی سیفٹی ڈپلومہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ ڈپلومہ پروگرام زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور چین کے جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج آف انڈسٹری اینڈ ٹریڈ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ماڈرن ایگریکلچرل ٹیکنالوجی کے چین پاکستان مشترکہ ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے چوتھے بیچ کی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ بیلی ووکیشنل کالج چین اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے یہ پروگرام تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے تعاون سے تین سال قبل شروع کیا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ ڈپلومہ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے جس کے ذریعے طلبہ جدید زرعی ٹیکنالوجی اور گرین اسٹوریج کی تعلیم حاصل کر کے زرعی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں قائم چینی زبان و ثقافت کا مرکز کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کئی طلبہ کو چینی زبان کی تربیت دے چکا ہے جو عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔وانگ جیا، اسسٹنٹ ڈین، جیانگ شی ووکیشنل ٹیکنیکل کالج آف انڈسٹری اینڈ ٹریڈ چین نے کہا کہ یہ پروگرام طلبہ کے باہمی سیکھنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے اور اس سے مختلف زرعی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ ژانگ جیانہونگ، وائس پریذیڈنٹ بیلی ووکیشنل کالج چین نے کہا کہ یہ پروگرام طلبہ کو جدید زرعی علم سے آراستہ کرتے ہوئے زرعی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔ کمیونٹی کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار نے کہا کہ مشترکہ ڈپلومہ پروگرام طلبہ کو دونوں ممالک کے سائنسدانوں سے استفادہ کرنے کے مواقع فراہم کرے گا جس سے وہ ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تین سالہ ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے تحت طلبہ دو سال زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور تیسرا سال چین میں تعلیم حاصل کریں گے۔ تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم اور ڈاکٹر اطہر محمود نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ فسیلیٹیشن سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں