ڈپٹی کمشنر ،ڈی پی او ٹوبہ کی قیادت میں ”پاکستان زندہ باد ”ریلی

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی قیادت میں “پاکستان زندہ باد” ریلی، شہریو ں کا پاک فوج سے والہانہ اظہارِ یکجہتی۔ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے “پاکستان زندہ باد” ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے کی۔ ریلی میونسپل کمیٹی سے شروع ہو کر شہباز چوک تک پہنچی، جہاں شہریوں کا مثالی جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔ریلی کا مقصد افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، قومی اتحاد کا مظاہرہ اور دشمن کو واضح پیغام دینا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ریلی میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد، سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، علما کرام، سول سوسائٹی، وکلا، طلبہ اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ شہریوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے جانا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، جس میں سے تین طیاروں کی بھارتی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں