ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا تحصیل بھیرہ کا تفصیلی دورہ،ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

سرگودھا (بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے تحصیل بھیرہ کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے موضع وادھن میں حفاظتی پشتوں کی تعمیر و مضبوطی کے کام کا معائنہ کیا۔ ایکسین انہار اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈی سی نے ہدایت کی کہ دریا کے کنارے آبادیوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے، معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص تعمیر یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ موضع سردار پور نون میں جاری سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایکسین روڈز، ایس ڈی او ڈرینج، اسسٹنٹ کمشنر اور ریونیو ٹیم نے پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنایا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ عوام کو پائیدار سہولت میسر آ سکے۔ڈپٹی کمشنر نے بھیرہ میں جاری وال سٹی پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا اور تاریخی عمارات کی بحالی و تزئین و آرائش کے کاموں پر بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تاریخی عمارات کی اصل شناخت اور ثقافتی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے کام مکمل کیا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور فنڈز کے شفاف استعمال، باقاعدہ مانیٹرنگ اور بین المحکماتی رابطے کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اہداف مقررہ وقت کے اندر حاصل کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے نگہبان سہولت بازار کا بھی وزٹ کیا۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سرکاری نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام قائم رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوامی سہولت اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں