ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی ہدایت پر محکمہ ہائی ویز کی ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے مہم

سرگودہا ( بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ہائی ویز نے لاہور روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر واقع اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے سامنے بچوں اور طلبہ کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے زیبرا کراسنگز بنانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان نے بتایا کہ یہ اقدام ٹریفک حادثات کی روک تھام اور بچوں کو سڑک پار کرنے میں آسانی فراہم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیبرا کراسنگز کی نشاندہی اور تعمیر کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا، جس میں بالخصوص مصروف شاہراہوں پر واقع تعلیمی ادارے ترجیحی بنیادوں پر شامل ہیں۔ ملک گلفام اعوان نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر محکمہ ہائی ویز شہریوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی مہم چلائے گا، تاکہ زیبرا کراسنگز کا صحیح اور مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔ شہری حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بچوں کی جانوں کے تحفظ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور ٹریفک کے بہاؤ میں بھی بہتری آئیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں