ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی ہدایت پر چینی کے ہول سیلرز کی سخت مانیٹرنگ

سرگودہا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر شہر بھر میں چینی کے ہول سیلرز اور ریٹیلرز کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل نے ہفتہ کی شام شربت چوک اور 23 بلاک سمیت دیگر بازاروں کی مختلف دکانوں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے دکانوں پر چینی کی ریٹ اور دستیابی چیک کی، جہاں 173 روپے فی کلو کے حساب سے چینی فروخت کی جا رہی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے صارفین سے ملاقات کر کے صورتحال سے آگاہی لی۔اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل کا کہنا تھا کہ سرگودہا کی تمام شوگر ملز میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے، شہری صرف ضرورت کے مطابق چینی خریدیں اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، جس میں ایف آئی آرز اور جرمانے شامل ہیں۔ مزید یہ کہ شہر کے بڑے ہول سیلرز پر ریونیو افسران تعینات ہیں جو ملز سے آنے والی چینی کے اسٹاک اور فروخت کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں