ڈپٹی کمشنر کا شاعر کے دو بیٹوں کو ڈیلی ویجز رکھنے کا اعلان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے عوامی خدمت کی اعلی مثال قائم کردی۔تحصیل جڑانوالہ سے تعلق رکھنے والے معاشی مشکلات سے دوچار شاعر منور شکیل کے دو بیٹوں کو ڈیلی ویجز ملازم بھرتی کرنے کااعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ اعلان شاعر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ڈپٹی کمشنر نے شاعر کو نقد انعام اور ڈی سی آفس کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔گزشتہ روز ایک نیوز چینل پر شاعر کی کسمپرسی کی خبر نشر ہوئی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ایکشن لیتے ہوئے شاعر منور شکیل جو موچی کا کام کررہا ہے اور معاشی مشکلات کا شکار ہے اس سے رابطہ کیا اور دفتر آنے کی دعوت دی جس پر شاعر نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ادب سے وابستہ افراد ہمارا اثاثہ ہیں جن کی حوصلہ افزائی کے اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے منور شکیل کی تحریر کردہ کتابیں بھی دیکھیں اور شاعر کے شعری مجموعہ بھی سنے۔انہوں نے نیوز چینل کے نمائمدگان کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ ان کی بدولت شاعر کے موجودہ حالات سے آگاہی ہوئی اور اس کی مدد کے لئے اقدام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ان کا طرہ امتیاز ہے جس کے لئے آئندہ بھی کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ شاعر منور شکیل نے مالی امداد اور بچوں کو ڈیلی ویجر ملازمت دلوانے پر ڈپٹی کمشنرکا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ندیم ناصر مسیحا ثابت ہوئے جس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈی سی آفس مدعو کرنے پر بھی ان کے مشکورہیں۔دریں اثنا ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد محمد اویس عابد نے شاعر منورشکیل کی خدمات کے اعتراف میں محفل مشاعرہ ترتیب دینے کا اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں