60

ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان قتل ، بیروزگار شخص کی خود کشی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو قتل کر دیا’ حالات کے ستائے شخص نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ ڈاکوئوں نے ڈلیوری بوائے سے پیزا’ ملت چوک میں شہری سے 12لاکھ چھین لئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 89 ج ب کے رہائشی کاشف نے بتایا کہ اس کا بھائی طارق محمود گھر کے باہر کھڑا تھا کہ موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے گھیر لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے سب کچھ حوالے کرنے کو کہا تو مزاحمت پر گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے، مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ طارق محمود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ حالات کے ستائے ہوئے 40سالہ عبدالقدیر ولد عبدالحمید سکنہ مدینہ ٹائون نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دیں۔ علاوہ ازیں ڈلیوری بوائے شہباز احمد نے بتایا کہ وہ تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ فرید ٹائون میں پیزا دینے جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر پیزا’ 15ہزار روپے اور فون چھین لیا، اسطرح 26 ج ب کے رہائشی خالد جاوید نے بتایا کہ وہ 12لاکھ روپے کمیٹی کی رقم لیکر رحمان آباد سے گھر جا رہا تھا کہ جب وہ ملت روڈ پر پہنچا تو دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ڈاکوئوں نے گھیر لیا اور رقم سے بھرا شاپر بیگ چھین کر فرار ہو گئے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ نہ لگا سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں