52

ڈکیتی مزاحمت پر ٹرک ڈرائیور ‘ دشمنی پرنوجوان قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ سمندری روڈ پر ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے ٹرک ڈرائیور کو قتل’ نوجوان لہولہان، جبکہ پرانی دشمنی کی بناء پر مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ ستارہ کالونی کا رہائشی 29 سالہ ٹرک ڈرائیور محمد عثمان ولد جاوید رات کو سمندری روڈ پر نزد ڈونگی گرائونڈ کے قریب ٹرک کھڑا کر کے گھر چلا گیا، صبح کو ٹرک لینے آیا تو مسلح ڈاکوئوں نے گھیر لیا اور گن پوائنٹ پر سب کچھ حوالے کرنے کو کہا تو مزاحمت پر گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ سرگودھا روڈ کے علاقہ حق باہو چوک کے قریب اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر موٹرسائیکل سوار سلطان سکنہ ہجویری ٹائون کو گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے، مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں تھانہ تاندلیانوالہ کے علاقہ 613 گ ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مشتعل ملزمان اسلم وغیرہ نے مخالف پرویز اقبال کو گولی مار کر لہولہان کر دیا اور بازو پر گولی لگنے سے گر پڑا تو ملزمان نے گلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں