ڈکیتی کے ملزم سے مک مکا،SHOرضا آباد سمیت6اہلکار معطل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے زیرحراست ڈکیتی کے مبینہ ملزم سے مکان ہتھیا کر اسکے خلاف 9C کا مقدمہ درج کرنے کی انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سب انسپکٹر قیصر مختار گجر’ اے ایس آئی ظہیر اختر گل’ نائب محرر سمیت 6اہلکاروں کو معطل کر دیا اور انسپکٹر خواجہ عمران منان کو ایس ایچ او تھانہ رضاآباد تعینات کر دیا، جنہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ یاد رہے کہ ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے تھانہ رضاآباد کی حوالات میں بند ڈکیتی کے ملزم فیصل ولد عبدالغفور سکنہ کوکیانوالہ سے ملی بھگت کر کے اس کا مکان فروخت کرنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر خبر شائع کی تھی کہ ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سب انسپکٹر قیصر مختار گجر’ اے ایس آئی ظہیر اختر گل نے ڈکیتی کے خطرناک ملزم سے مک مکا کر کے اسکے خلاف 9سی کا مقدمہ درج کر کے اس کا مکان ہتھیا لیا اور پراپرٹی ڈیلر کو تھانہ بلا کر کاغذات پر دستخط کروانے کی ویڈو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ جس پر سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) علی بن طارق کو انکوائری کرنے کا حکم دیا تو دوران انکوائری قصوروار پائے جانے پر سی پی او نے ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سب انسپکٹر قیصر مختار گجر’ اے ایس آئی ظہیر اختر گل’ نائب محرر سخاوت’ کانسٹیبلان شہزاد’ بشارت اور جہانزیب کو معطل کر کے کلوزٹو لائن کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں