ڈھڈی والا سٹاپ پر گرینڈ آپریشن،پختہ تجاوزات مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے اینٹی انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ جڑانوالہ روڈ ڈھڈی والا سٹاپ کے قریب گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر سے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا جبکہ آٹھ بازاروں سمیت دیگر علاقوں میں دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کا بھاری مالیت کا سامان ضبط کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے اپنی نگرانی میں جڑانوالہ روڈ پر ڈھڈی والا سٹاپ پر آپریشن کرتے ہوئے دکانوں کے باہر سے پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا اور فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں کیلئے کلیئر کروا دیا۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار فٹ پاتھ کو خالی رکھیں اور دکان کے باہر سامان نہ رکھیں، اگر کسی نے دکان کے باہر سامان رکھا تو وہ ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے ستیانہ روڈ’ راجباہ روڈ کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کا سامان ضبط کر لیا۔ علاوہ ازیں شہر کے آٹھ بازاروں کے ساتھ ساتھ غلام محمد آباد’ رضاآباد کا وزٹ کرتے ہوئے عارضی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیتے ہوئے دوبارہ دکانوں کے باہر پڑا ہوا سامان کارسرکار میں ضبط کر لیا اور ان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ تاجر اپنا سامان دکان کے اندر رکھیں اور فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے خالی کر دیں، اگر کسی کا سامان دکانوں کے باہر نظر آیا تو اس کو ضبط کرنے کیساتھ ساتھ بھاری جرمانہ اور دکان کو سیل کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں