30

ڈیفالٹر صنعتی و کمرشل صارفین کے سیوریج کنکشن منقطع

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے سیوریج کنکشن منقطع کرنے کی مہم مزید تیز کردی گئی۔ مدینہ ٹائون،مقبول روڈ کے کمرشل اور صنعتی نادہندگان کے مزید48 کنکشن کاٹ دئیے گئے۔ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ جاوید غنی،ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ و انچارج ڈس کنکشن ٹیم ظفر اقبال قادری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرزا اویس کی نگرانی میں معروف صنعتی علاقے مقبول روڈ اور کمرشل علاقہ مدینہ ٹائون و دیگر علاقوں میں سے 48 نادہندہ صنعتی و کمرشل صارفین جن میں عمر قادریہ کیمیکلز،فضل الہی انجینئرنگ،عبداللہ انجینئرنگ، حامد علی غفاری آئل،کبابش ریسٹورنٹ اور کنگز ریسٹورنٹ مدینہ ٹائون،عمران سپر مارٹ،اکبر شاہی دواخانہ اور وقاص ایمبرائیڈری یونٹ سمیت دیگر کے سیوریج منقطع کئے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ نے متعدد صارفین کے چالان کر کے سپیشل مجسٹریٹ واسا کو بھجوا دئیے ہیں۔ایم ڈی واسانے کہا کہ واسا کے نادہندہ صارفین کیساتھ بلز اور واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا لہذا صارفین اپنے ذمہ واجب الادا واجبات فوری جمع کرائیں تاکہ انہیں فراہمی و نکاسی آب کی سروسز مہیا کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ واساکے صارفین شہریوں کو اپنی سروسز مزید بہتر بنانے کے لئے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانا ہوگی۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ واسا نے نادہندگان کے خلاف ڈس کنکشن کی مہم کو تیز کر دیا گیا ہے اور بلز و بقایاجات کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کی ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں