ڈینگی کے وارتیز،مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تیز گرمی بھی مچھروں کو نہ مار سکی’ فیصل آباد میں ڈینگی کے وار تیز’ محکمہ صحت کی سستی’ غفلت ولاپرواہی کی سزا شہری بھگتنے پر مجبور’ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں ڈینگی کے 23مریض زیرعلاج، فیصل آباد ڈویژن کے دیگر علاقوں میں بھی ڈینگی کے وار تیز’ الائیڈ ہسپتال جھنگ میں ڈینگی کے 14 مریض زیرعلاج’ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈینگی کے 380مشتبہ مریض رپورٹ’ فیصل آباد شہر کے مختلف علاقوں میں مچھروں کی افزائش کے باوجود محکمہ صحت کی ٹیمیں مچھر مار سپرے نہ کر سکیں، شہری حلقوں کا صورتحال پر اظہار تشویش۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں تیز گرمی کے باوجود مچھروں کی بھرمار نے لوگوں کا ناک میں دم کر دیا ہے، کئی علاقوں میں مچھروں کی افزائش کے نتیجہ میں ڈینگی وائرس بھی پھیلنے لگا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں اس وقت ڈینگی کے 23مریض زیرعلاج ہیں، ڈویژن کے دیگر علاقوں میں بھی ڈینگی وائرس پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ الائیڈ ہسپتال جھنگ میں ڈینگی کے 14مریض زیرعلاج ہیں جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈینگی کے 380مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لیے موثر ترین حکمت عملی کے تحت بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں