ڈی جی FDAکا ٹیسٹنگ لیبارٹری کی کارکردگی پر اظہار اطمینان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا گیا ہے جس میں اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف میٹریل کے ٹیسٹ کی قیمتوں میں 50سے 100فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو ایک بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ ڈائریکٹر انسپکشن عاصم محمود نے میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری میں سول انفراسٹریکچر کے حوالے سے مختلف میٹریل کی استعداد و معیار کو چیک کرنے کے لئے ماہر سٹاف کے ساتھ جدید ترین مشینری موجود ہے اور تجزیہ جاتی عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ٹیسٹ رپورٹ پر بھرپور اعتماد برقرار رہے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹرکوں اور عمارتوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے مختلف اقسام کے میٹریل کے معیار اور استعداد کو ٹیسٹ کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں محفوظ اور سربمہر سیمپلز حاصل کئے جاتے ہیں۔ ڈائریکٹر انسپکشن نے بتایا کہ ایف ڈی اے میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری میں سرکاری اور پرائیویٹ ادارے یاتعمیراتی ٹھیکیدار میٹریل کے نمونے ٹیسٹ کرا سکتے ہیں تاہم موجودہ حالات میں کیمیکلز کی قیمتوں اور دیگر نوعیت کے اخراجات میں اضافہ کے باعث نمونوں کے ٹیسٹ ریٹس کی قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہو گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری کی کارکردگی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ میٹریل کے نمونوں کی تجز یہ جاتی رپورٹس کا ریکارڈ محفوظ اور منظم ہونا چاہیئے۔ انہوں نے لیبارٹری کے فنی سٹاف کی استعداد میں اضافہ کرنے کیلئے متعلقہ شعبے میں تازہ ترین علوم پر مبنی ریفریشر کورسز کی تربیت کرانے کی تاکید کی اور کہا کہ لیبارٹری کے امور کو بہترین انداز میں چلانے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں