ڈی سی کا ایف ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی بارے عدم اعتماد ،افسران کی سرزنش

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر ز ینب جہانداد،اسسٹنٹ کمشنرز،میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل،پی ایچ اے،ہیلتھ،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،کنٹریکٹرزودیگرافسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ناقص کارکردگی پر چک جھمرہ کے کنٹریکٹرکا صفائی ٹھیکہ منسوخ کردیا۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ستھرا پنجاب کی کمانڈ سنبھالیں اور متعلقہ امور کی پوری ذمہ داری لیں۔اسسٹنٹ کمشنرز کمپلینٹ سیل اپنے دفاتر میں منتقل کریں جبکہ ایف ڈبلیو ایم سی کا کنٹرول روم ڈی سی آفس میں شفٹ کیا جائے۔انہوں نے سخت پیغام دیا کہ کام میں غفلت و کوتاہی برتنے والے سٹاف کونوکریوں سے فارغ کریں۔انہوں نے فیصل آباد کے کنٹریکٹر کو صفائی کے معیار میں بہتری لانے کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دے دی۔ڈپٹی کمشنر نے 8بازاروں سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ہفتہ وارپلان طلب کیااور کہا کہ جیو ٹیگنگ کے ساتھ تصویریں ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائیں۔انہوں نے گرین بیلٹس کی صفائی، پودوں کی کانٹ چھانٹ اور باقاعدہ پانی دینے کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شجرکاری،گرین بیلٹس کی تزئین وبحالی کے حوالے سے پی ایچ اے کو سخت ہدایات جاری کی اور کہا کہ کام چور عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کا دورہ کریں،صفائی کی صورتحال کا جائزہ اور مریضوں کے لئے ادویات کی فراہمی کے عمل کی سخت جانچ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں