فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ٹائپ کالونی بخاری چوک میں سیوریج کے پانی نے تباہی مچا دی، گلیاں’ محلے اور سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرنے لگیں، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، نمازوں کی ادائیگی کیلئے مسجد جانا بھی سخت مشکل بن گیا، عوامی حلقوں کا صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار، نکاسی آب کے لئے فوری طور پر بھرپور اقدامات اٹھانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ بخاری چوک اور گرد ونواح میں جگہ جگہ کھڑے سیوریج کے پانی نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے، گلی محلوں اور سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہونے سے لوگوں کا اپنے گھروں سے نکلنا محال بن چکا ہے، لوگ جب انتہائی ضروری کام کے لیے گھروں سے نکلیں تو گندا پانی پڑنے سے ان کے کپڑے خراب ہو جاتے ہیں اور مساجد میں نمازوں کی ادائیگی کے لیے جانے میں بھی شدید مشکلات درپیش ہیں، بخاری چوک ڈی ٹائپ کالونی میں جمع ہونے والے سیوریج کے پانی کی نکاسی کے لیے اہل علاقہ نے بار بار واسا حکام سے رجوع کیا مگر نکاسی آب کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکا اور ابھی تک صورتحال جوں کی توں ہے۔ عوامی حلقوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ٹائپ کالونی بخاری چوک میں جمع سیوریج کے پانی کی نکاسی کا فوری طور پر بندوبست کیا جائے تاکہ اہل علاقہ کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
20