ڈی ٹائپ کالونی میں آوارہ کتوں کی بھرمار،شہری خوفزدہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ ڈاکٹر چوک کے قریب آساسنگھ پارک میں آوارہ کتوں کی یلغار’ سیر کیلئے آنیوالے مرد بالخصوص خواتین اور بچوں کو کاٹنے لگے’ علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے، شہر بھر میں آوارہ کتوں کی تلفی کی مہم کا آغاز نہ ہو سکا۔ تفصیل کے مطابق شہر بھر کے دیگر علاقوں کی طرح ڈی ٹائپ کالونی ڈاکٹر چوک کے قریب واقع آساسنگھ والا پارک میں ڈیڑھ سے دو درجن کے لگ بھگ آوارہ کتوں نے بسیرا کر رکھا ہے اور وہ پورے پارک میں ٹولیوں کی شکل میں گھومتے نظر آتے ہیں۔ پارک میں مردوں کیساتھ ساتھ علاقہ کی خواتین اور بچے بھی سیر کیلئے آتے ہیں تو آوارہ کتے نہ صرف ان پر بھونکنا شروع کر دیتے ہیں بلکہ موقع ملتے ہی خواتین اور بچوں پر حملہ کر دیتے ہیں اور کئی خواتین اور بچوں کو زخمی کر چکے ہیں۔ خونخوار آوارہ کتوں کی وجہ سے علاقہ میں خوف کی فضا ہے۔ اہل علاقہ نے کئی دفعہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو آوارہ کتوں کی تلفی بارے آگاہ کیا لیکن سرکاری ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اہل علاقہ نے کمشنر راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں آوارہ کتوں کی تلفی مہم شروع کی جائے اور شہریوں کو خونخوار کتوں سے نجات دلائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں