ژوب میں پنجابیوں کا قتل،فیصل آباد کا تاجر بھی شامل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بلوچستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے فیصل آباد کے تاجر شیخ ماجد کو نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق حاجی آباد رحمت آباد کا رہائشی کپڑے کا تاجر شیخ ماجد ولد محمد ایوب عرصہ دراز سے بلوچستان کے علاقہ لورالائی میں کپڑا سپلائی کرنے کا کاروبار کرتا تھا’گزشتہ روز وہ بلوچستان میں ریکوری کے بعد واپس آ رہا تھا جب ان کی بس ژوب کے مقام پر پہنچی تو دہشت گردوں نے شیخ ماجد سمیت 13پنجابی مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کرکے انہیں نیچے اتار لیا اور ان تمام کو گولیوں سے چھلنی کر دیا۔مقامی انتظامیہ اور پولیس حکام نے تمام نعشوں کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد ان کے آبائی علاقوں میں بھجوا دیا۔شیخ ماجد کی ڈیڈ باڈی جب ان کے گھر پہنچی تو علاقے میں کہرام برپا ہو گیا۔ شہید شیخ ماجد جماعت اسلامی کے مقامی راہنما محمد ادریس کا بھتیجا تھا، گزشتہ شب بعدازنماز عشاء جامعہ سلفیہ میں نمازجنازہ ادا کی گئی، جس میں اے سی سٹی عادل عمر’ تاجر برادری’ وکلاء سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ شیخ ماجد کو جنت الفردوس میں بلند مقام اور پسماندگان وک صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں