کائونٹی کرکٹ کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں امام الحق کی شاندار کارکردگی

راولپنڈی (سپورٹس نیوز) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں ملتان کی نمائندگی کرتے ہوئے امام الحق نے شاندار ٹرپل سنچری داغ دی۔ انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی کے خلاف 34 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 330 رنز بنائے۔ ان کے ساتھ شرون سراج نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 126 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 246 رنز کی شراکت قائم کی جب کہ عمران رفیق نے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔راولپنڈی اور لاڑکانہ کے میچ میں راولپنڈی نے 202 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ لاڑکانہ کو جیت کے لیے 398 رنز درکار تھے مگر پوری ٹیم 195 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ راولپنڈی کے مبصر خان نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ دوسری اننگز میں راولپنڈی کے یاسر خان نے سنچری سکور کی جبکہ مبصر خان نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز بنائے۔فاٹا اور کراچی بلیوز کے میچ میں فاٹا نے 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔ فاتح ٹیم کو 270 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے محمد عثمان اور محمد سرور کی نصف سنچریوں کی بدولت حاصل کیا۔ کراچی وائٹس کے سیف اللہ بنگش نے کوئٹہ کے خلاف سنچری اسکور کی۔ کوئٹہ کی دوسری اننگز میں صلاح الدین 95 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں