کاروباری افراد اور خریداروں کو ہر بازار کے باہر پارکنگ فراہم کرینگے،ڈی سی ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ گھنٹہ گھر کے آٹھ بازارو ں کو پیڈسٹرین (پیدل چلنے والوں) کے لئے مختص کرنے کے لئے وہیکل فری بنایا جارہا ہے اس ضمن میں کاروباری افراد اور خریداروں کو ہر بازار کے باہرگاڑیوں کے لئے مناسب پارکنگ فراہم کریں گے جبکہ بازاروں سے باہر شاہرات پر قابل عمل جگہوں پر ریڑھی بازار لگاکر آٹھ بازاروں کی ریڑھیوں کو وہاں شفٹ کیا جائیگا۔ ریڑھی بازاروں میں دکانداروں کو بجلی بھی مفت فراہم کریں گے۔علاوہ ازیں آٹھ بازاروں میں سامان کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے لئے وقت مقرر کرنے کے علاوہ بازاروں میں رہائش پذیر افراد کو وہیکلز کی پارکنگ کے لئے بھی سروسزفراہم کریں گے۔انہوں نے پرہجوم میڈیا بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بازاروں کو تجاوزات سے پاک کرکے کھلا کر رہے ہیں جبکہ شہریوں اور تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا بھی ترجیح ہے۔انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بازار کسی جگہ نہیں ہیں اور یہ بہترین کاروباری مراکز ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی اہمیت کے لحاظ سے ہمارا ورثہ بھی ہے اسی مقصد کے پیش نظر گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کو وہیکل فری بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارکنگ مقامات پر انشورڈ پارکنگ بھی ہوگی جبکہ فری پارکنگ بھی دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خوبصورت رکشہ سروس دینگے جو خریداروں کو بازاروں تک پہنچائیں گے انہوں نے بتایا کہ تاجروں سے کامیاب میٹنگ ہوئی ہے جنہیں دکانوں کے ایک ہی طرز کے ڈیزائن بھی فراہم کررہے ہیں جو آٹھ بازاروں کی خوبصورتی کو چارچاند لگادے گی۔انہوں نے بتایا کہ راجباہ روڈ پر لنڈا بازار کو ختم کرایا گیا ہے جہاں وسیع پارکنگ دستیاب ہے جبکہ پارکنگ پلازہ کو جلد مکمل کرانے کے لئے اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چوک گھنٹہ گھر وملحقہ بازاروں کو پاکستان کی پہلی بڑی مارکیٹ بنائیں گے جہاں پیدل چلنے والے کو معیاری سہولت اور تفریح کے بھی مواقع میسر ہونگے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پارکنگ کمپنی واحد کمپنی ہے جو اس مرتبہ منافع میں گئی ہے جلد پارکنگ کمپنی کا سارا نظام ای ٹکٹنگ پر چلا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ جھنگ روڈ پر نیا ریڑھی بازار قائم کیا گیا ہے جبکہ نڑ والا روڈ اور ستیانہ روڈ پر ماڈل بازار قائم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کی جگہوں کو بھی رمضان المبارک کے علاوہ اوقات میں استعمال میں لایا جائے گا اور انہی مقامات میں سے لنڈا بازار قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں واضح کیا کہ آٹھ بازاروں کے باہر پہلے پارکنگ سہولت مہیا کریں گے بعد میں بازار کو وہیکل فری بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں