کاشتکاروں میں قرعہ اندازی کے ذریعے مفت ٹریکٹر فراہم کئے جارہے ہیں،کمشنر مریم خان

جڑانوالہ(نامہ نگار) محکمہ زراعت (توسیع) فیصل آباد کے زیر اہتمام جڑانوالہ کے چک نمبر 125گ ب میں گندم کٹائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر فیصل آباد مریم خان نے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، انہوں نے گندم کی فصل کی کٹائی کرکے کاشتکار و ں کا حوصلہ بڑھایا،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) فیصل آباد چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حافظ عدیل احمد، محکمہ زراعت توسیع افسران ، کاشتکار و ں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد مریم خان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ زراعت کے تمام شعبے کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عا شق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی ہدایات پر کاشتکاروں کو ان کی دہلیز پر تمام مالی مراعات و دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ گندم اگانے والے کا شتکاروں میں قرعہ اندازی کے ذریعے مفت ٹریکٹرز فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ حکومت پنجاب کے اس احسن اقدام سے گندم و دیگر فصلوں کی مشینی کاشت و کٹائی کو فروغ حاصل ہوگا اور کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت میں کمی ممکن ہوگی ، مزید یہ کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر کسانوں کیلئے متعدد زرعی مراعاتی پیکجز بھی متعارف کروائے گئے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں