کاشتکاروں کیلئے خوشخبری

لاہور (بیوروچیف) پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت کاشتکاروں کیلئے ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی بہت جلد منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ محکمہ زراعت حکومتِ پنجاب نے نئے سال 2026 کی آمد پر کسانوں کیلئے ایک اہم اور خصوصی تحفہ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت 10 ہزار گرین ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، جن کی طاقت 50 سے 65 ہارس پاور ہوگی۔ اس سلسلے میں کاشتکاروں سے درخواستیں وصول کرنے کا عمل 6 جنوری 2026 بروز منگل سے شروع ہوگا۔درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی ایگریکلچرل ہیلپ لائن 0800-17000 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام کے دوسرے مرحلے کی قرعہ اندازی میں 7 لاکھ 34 ہزار کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں، جن میں سے 2 لاکھ 82 ہزار کاشتکار قرعہ اندازی کے اہل قرار پائے تھے۔ ان اہل امیدواروں میں سے 9 ہزار 500 کاشتکار کامیاب قرار پائے تھے۔اعداد و شمار کے مطابق پروگرام میں 98 فیصد کاشتکاروں نے پاکستانی ساختہ ٹریکٹرز کے لیے درخواست دی، جبکہ 2 فیصد کاشتکاروں نے بڑے اور جدید امپورٹڈ ٹریکٹرز کو ترجیح دی۔ امپورٹڈ ٹریکٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر غیر ملکی ڈیلر کمپنیوں نے پنجاب میں اپنے ڈیلرز اور بزنس آفس بھی قائم کر لیے ہیں۔حکام کے مطابق گرین ٹریکٹرز پروگرام کا مقصد زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، کسانوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانا اور زرعی معیشت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں