40

کالعدم تنظیموں کو بھارتی فنڈنگ کا انکشاف (اداریہ)

کالعدم بلوچ نیشنل آرمی (BNA) کے کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے 70ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا کوئٹہ میں نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بی این اے کے سابق کمانڈر نے انکشاف کیا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے کیلئے کالعدم تنظیموں کو بھارت فنڈنگ کرتا ہے، منشیات فروشی’ لوگوں کو اغواء بھی کیا جاتا ہے، سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ کچھ لوگ مذموم مقاصد کیلئے بلوچ مائوں’ بہنوں اور بلوچ نوجوانوں کو ریاست کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، جنگ میں خواتین کو بھی دھکیلا جا رہا ہے، سابق کمانڈر نے کہا کہ اپنے لوگوں اور اپنی سرزمین سے دور رہنے پر پچھتانے کے سوا کچھ نہیں، یہاں آ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ باقی لوگ بھی اس انتظار میں ہیں کہ ریاست ان کو ویلکم کہے’ سرفراز بنگلزائی کا کہنا تھا کہ نقصانات کافی ہوئے ہیں والدین کو بھی پیغام ہے بچوں کو ایسے ماحول سے دور رکھیں، بندوق مسئلے کا حل نہیں’ والدین بچوں کو تعلیم دیں’ بی این اے سابق کمانڈر بنگلزائی نے کہا بھارت سے پیسے لیکر اپنے ہی لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے مذموم مقاصد کیلئے خواتین کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں میں جذبہ پیدا ہو، کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے سابق کمانڈر سرفراز بنگلزئی نے پریس کانفرنس میں اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی بھارت سے فنڈنگ ہوتی ہے گو کہ پاکستان ایک طویل عرصہ سے بات کر رہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں پاکستان کے خلاف کام کرنے والی کالعدم تنظیموں کو بھارت کی آشیرباد حاصل ہے اور بھارت ان کالعدم تنظیموں کو پاکستان کے چاروں صوبوں میں افراتفری پھیلانے کیلئے شہ دے رہے رہا ہے اور کالعدم تنظیموں کو بھاری فنڈز مہیا کر رہا ہے بلوچستان جو عالمی تجارتی مرکز بننے جا رہا ہے میں بھارت بطور خاص کالعدم تنظیموں بلوچ نیشنل آرمی سمیت دیگر تنظیموں کو برابر فنڈ فراہم کر رہا ہے اور ان تنظیموں کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، بلوچوں کے ہاتھوں بلوچوں کا خون کرا رہا ہے 2014ء میں صرف ایک ضلع آواران میں 155 بے گناہ اور معصوم بلوچوں کو قتل کیا گیا کیونکہ انہوں نے بھتہ دینے سے انکار کیا تھا 20 سال کے دوران کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی نے ہزاروں بلوچ نوجوانوں کو قتل کیا جن کے لواحقین دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں کالعدم نیشنل آرمی کے سابق کمانڈر کو اپنے بلوچ بھائیوں کے قتل اور صوبہ بلوچستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے پر اظہار ندامت ہوئی اور انہوں نے اپنے 70ساتھیوں کے ہمراہ قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر کے اچھا کام کیا بلوچستان کی نگران حکومت نے قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا ہے نگران وزیراطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان حکومت بغاوت چھوڑ کر آنے والوں کو خوش آمدید کہے گی انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید باغی بھی جلد ریاست سے رابطہ کر کے تائب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غلط فہمیاں دور ہونی چاہئیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ بلوچستان سے جاتا ہے،، واقعی یہ بات حقیقت ہے کہ اس وقت بلوچستان ہی ملکی ترقی کا راستہ ہے گوادر بندرگاہ سے عالمی تجارت ہو گی جس کے اثرات پورے ملک پر مثبت انداز میں مرتب ہونگے بلوچستان کے عوام کو روزگار ملے گا عوام خوشحال ہوں گے ملک کو بیرونی قرضوں سے نجات حاصل ہو گی پاکستان کی معیشت مستحکم ہو گی معاشی طور پر مضبوط ہونے سے اسے دنیا میں ممتاز مقام حاصل ہو گا بھارت کو بلوچستان میں سی پیک منصوبوں کے تحت گوادر بندرگاہ بننے کا بہت زیادہ دُکھ ہے سی پیک منصوبوں پر اس نے بہت شور مچایا تھا ایران کے ساتھ چاہ بندر کو عالمی تجارت کا مرکز بنانے کی کوششوں میں ناکام رہنے کے بعد بھارت نے بلوچستان میں علیحدگی پسند کالعدم تنظیموں کو فنڈنگ دیکر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بھارت کی تمام سازشوں کو ناکام بنا کر اسے دھول چاٹنے پر مجبور کر دیا بلوچستان کی کالعدم تنظیموں کو پتہ چل چکا ہے وہ اپنے بلوچ بھائیوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں بھارت ان کے جذبات سے کھیلتا رہا ہے اور اصل صورتحال سامنے آنے کے بعد کالعدم تنظیمیں قومی دھارے میں شامل ہو رہی ہیں جو خوش آئند ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست کالعدم بلوچ تنظیموں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے عام معافی کا اعلان کرے تاکہ کالعدم بلوچ تنظیمیں بغاوت چھوڑ کر اپنے ملک کیلئے مثبت کردار ادا کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں