32

کالعدم تنظیموں کیخلاف فیصلہ دہشتگردوں سے نمٹنے کا عزم (اداریہ)

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ محکمہ خارجہ نے بلوچستان آرمی اور مجید بریگیڈ کہلانے والی تنظیم کو غیر ملکی دہشت گرد قرار دیا ہے یہ اقدام انسداد دہشت گردی سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کے عزم کا اظہار ہے اپنے بیان میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ کسی تنظیم کو دہشتگرد قرار دیا جانا اس برائی کیخلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور یہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کو روکنے کا مؤثر طریقہ ہے انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کو کئی حملوں کے بعد سن 2019ء میں اسپیشلی ڈیزیگیٹڈ گلوبل ٹیرسٹ تنظیم قرار دیا گیا تھا مارکو روبیو نے کہا کہ 2019ء سے اب تک بی ایل اے نے کئی اضافی حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے جن میں مجید بریگیڈ کی جانب سے قبول کی گئی ذمہ داری بھی شامل ہیں 2024ء میں بی ایل اے نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب خودکش حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی 2025ء میں بی ایل اے نے جعفر ایکسپریس ٹرین میں لوگوں کو یرغمال بنانے کی ذمہ داری قبول کی تھی، کوئٹہ سے پشاور جانیوالی اس ٹرین پر حملے میں 31شہریوں کو قتل تین سو سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے خلاف اقدام امیگریشن اور نیشنلٹی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فیڈرل رجسٹر میں اشاعت کے ساتھ ہی ہو جائے گا،، پاکستان نے امریکہ کی جانب سے کالعدم بی ایل اے مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا خیرمقدم کیا ہے ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی حکومت کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنا خوش آئند ہے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے 18جولائی 2024ء کو مجید بریگیڈ کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط حصار ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری سے تعاون جاری رکھے گا دریں اثناء آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ امریکہ سے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی سے بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ بے نقاب ہوا امریکہ کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا فیلڈ مارشل کی کاوشوں کا مظہر ہے حالیہ امریکی فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر توثیق ہے بھارت کے دہشتگردانہ عزائم نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہیں،، بھارتی حکمران اپنی سازشوں اور ناکام سفارتکاری سے عالمی طور پر تنہا ہو رہے ہیں آج حالات یکسر بدل چکے ہیں حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور پاکستان کی کامیاب سفارتکاری نے صورتحال کو اس حد تک بدل دیا ہے کہ اب امریکہ کھل کر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے دہشتگردی کو عالمی مسئلہ تسلیم کرتے ہوئے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا جھوٹا بیانیہ پٹ چکا ہے اور بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو رہا ہے پاکستان میں موجود دہشتگرد اور ان کے سہولت کار اب بے نقاب ہو چکے ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان دہشت گرد کالعدم تنظیموں پر کاری وار کر کے ان کے وجود کا خاتمہ کر دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں