کانسٹیبل کے قاتلوں کو عمر قید اور4لاکھ جرمانہ کی سزا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفر علی انجم نے تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کانسٹیبل کے قاتلوں کو عمر قید اور مجموعی طور پر 4لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا’ عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید چھ، چھ ماہ قید سخت بھگتنا ہو گی۔ استغاثہ کے مطابق 11جولائی 2024ء کو غلام محمد آباد کے علاقہ بی بلاک میں ملزمان علی مصطفی ولد غلام مصطفی’ اویس رشید ولد عبدالرشید وغیرہ نے کانسٹیبل ساجد علی ولد محمد صادق ڈیوٹی پر جانے کا کہہ کر گیا واپس نہ آیا اور اس کا فون بھی بند جا رہا تھا۔ اہل خانہ تلاش کرتے رہے تاہم کوئی پتہ نہ چلا۔ بعدازاں اس کے دوست اویس رشید کے گھر غلام محمد آباد بی بلاک پہنچے تو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ اویس رشید کے گھر کی تیسری منزل پر ساجد کی نعش پڑی تھی جسے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد چالان جمع کروایا تو فاضل جج نے دوران سماعت جرم ثابت ہونے پر ملزمان اویس رشید اور علی مصطفی کو عمر قید اور دو، دو لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں