کبھی گلوکارہ بننے کا نہیں سوچا تھا،حمیرا ارشد

لاہور(شوبز نیوز) معروف گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ ہر انسان کو کامیابی اور شہرت کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، کوئی کامیابی آسانی اور مفت میں نہیں ملتی۔گلوکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی، پروگرام کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں زندگی میں ہی اتنی محبت اور پیار ملا، جس کی وہ حقدار تھیں، ریاست کی جانب سے انہیں ایوارڈ بھی دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ بچپن سے ہی گنگناتی تھیں اور انہیں گلوکاری کا شوق تھا لیکن انہوں نے کبھی گلوکارہ بننے کا نہیں سوچا تھا، والدہ ذاکرہ تھیں جو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر پروگرامات کرتی تھیں، ایک دن وہ والدہ کے ساتھ گئیں تو انہیں بھی موقع ملا۔انہوں نے بتایا کہ والدہ کے ساتھ پی ٹی وی پر جانے کے بعد انہیں کم عمری میں گلوکاری کا موقع ملا تو انہوں نے صدا ہو اپنے پیار کی گانا گایا جو کہ خوش قسمتی سے بہت مشہور ہوا۔حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ پہلے ہی گانا ان کے لیے بخت لایا اور وہ مقبول ہوگئیں، وہ معروف گلوکارہ بن گئیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں صفائی کرنے اور جھاڑو لگانے والے دو ایسے مداح ملے، جو انہیں دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے، ان سے آواز ہی نہیں نکل رہی تھی حیران کن طور پر انہوں نے جب جھاڑو لگانے والے مداحوں میں سے ایک کو اپنے پاس بلایا تو الٹا وہ انہیں کہنے لگے کہ کیا گلوکارہ انہیں جانتی ہیں؟

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں