کرائم فائٹر پولیس افسران کی خدمات CCDکے سپرد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجن بھر سے پولیس کے 44سب انسپکٹرز کا سی سی ڈی تبادلہ کر دیا گیا،تبادلے کی لسٹ میں فیصل آباد سے سب انسپکٹر ارم رضا شاہ،علی اکرام گورائیہ،کلیم اللہ،فاروق ناظر،غلام عباس شاہ، اسفر جاوید سمیت ریجن کے3اضلاع جھنگ،چنیوٹ اور ٹوبہ پولیس کے دیگر سب انسپکٹرز شامل ہیں’واضح رہے کہ سی سی ڈی کا تعارفی جائزہ کچھ اس طرح سے ہے کہ پنجاب حکومت نے حال ہی میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو کہ ایک خصوصی قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہے، جس کا مقصد صوبے بھر میں سنگین اور منظم جرائم سے نمٹنا ہے۔ یہ اقدام عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور پیچیدہ مجرمانہ سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جامع حکمت عملی کا حصہ ہے۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کی اہم خصوصیات کا جائزہ لیا جائے تو سب سے پہلے اس کے اختیارات اور دائرہ کار پر بحث کی جاسکتی ہے۔ سی سی ڈی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنے پولیس اسٹیشنز قائم کرے اور سنگین جرائم کے لیے ایف آئی آر درج کرے۔ یہ محکمہ موجودہ پولیس اور کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ سی سی ڈی کا تنظیمی ڈھانچہ دیکھا جائے تو اس ڈیپارٹمنٹ کی قیادت ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سہیل ظفر چٹھہ کر رہے ہیں۔ اس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرلز (DIGs)، سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (SSPs)، سپرنٹنڈنٹس (SPs)، اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس (DSPs) شامل ہیں۔ لاہور میں موجود آرگنائزڈ کرائم یونٹ (OCU) کو اور فیصل آباد میں موجود سی آئی اے کو بھی اب CCD کا حصہ ہی بنا دیا گیا ہے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں بھرتی مہم شروع ہوگئی ہے جس کے تحت اس ادارے میں 4,000 اہلکاروں کی بھرتی کے لیے ایک وسیع مہم شروع کی گئی ہے، جسے مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے۔ ضلعی اور علاقائی پولیس افسران سی سی ڈی کے افسران کو دفاتر، گاڑیاں، اور دیگر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سی سی ڈی میں ڈولفن فورس کی طرز پر خصوصی کرائم کنٹرول فورس (CCF) کے نام سے قائم کی جارہی ہے جسے “کرائم کنٹرول فورس” کہا جاتا ہے۔ اس فورس میں نئے رینکس شامل کیے گئے ہیں جیسے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈیٹیکٹو (BS-17) ڈیٹیکٹو (BS-16)۔سب ڈیٹیکٹو (BS-14)اسسٹنٹ سب ڈیٹیکٹو (BS-11)۔جونیئر ڈیٹیکٹو (BS-09)۔فٹ ڈیٹیکٹو (BS-07) وغیرہ شامل ہیں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال جدید نگرانی کے نظام، مجرمانہ ڈیٹا بیس، ٹریکنگ آلات، اور جدید IT انفارمیشن ٹیکنالوجی نظام سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ اس کی کارکردگی بہتر بناکر خاطر خواہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ سب سے اہم ترین بات یہ ہے سی سی ڈی کا قیام کیوں کیا جارہا ہے اس کی بنیادی وجہ یعنی اس کا آپریشنل فوکس مطلب اہم اہداف منشیات فروشوں، اغوا کاروں، بھتہ خوروں، مسلح ڈاکوں، اور بین الصوبائی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔ یہ زمینوں پر قبضہ کرنے والے گروہوں، نوگو ایریاز، اور قتل و زیادتی جیسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائیاں کرے گا۔امید واثق ہے کہ یہ نیا محکمہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ایک مضبوط اور انقلابی قدم ہے، جو عوام کو جرائم سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ فیصل آباد میں دیکھا جائے تو اس محکمے میں فیصل آباد پولیس کی تقریبا ساری کریم ہی منتقل کی جارہی ہے مطلب بہترین اور نمایاں کارکردگی کے حامل دبنگ پولیس آفیسرز کو ضلعی پولیس سے سی سی ڈی میں بھجوایا جاچکا ہے ان پولیس افسران کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں