16

کرغزستان سے طالبعلموں کی پاکستان واپسی جاری

اسلام آباد(بیورو چیف)کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے پاکستانی طالب علموں کو لے کردوپروازیں لاہور اور اسلام آباد پہنچ گئیں ۔ لاہور ائیر پورٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور اسلام آباد میں وفاقی وزیر مصدق ملک نے طالب علموں کو خوش آمدید کہا۔لاہور آنے والی پرواز 180 مسافروں کو وطن لے کر آئی، علامہ اقبال ائیرپورٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے طالب علموں کو خوش آمدید کہا۔اسلام آباد آنے والی پرواز بھی 180 مسافروں کو لے کرآئی، وفاقی وزیر مصدق ملک نے طالب علموں سے گفتگو میں کہا کہ معاملے پر کرغزستان حکومت سے رابطے میں ہیں۔کمرشل پروازوں سے آج 540 طلب علموں نے بشکیک سے پاکستان پہنچنا ہے، ایک خصوصی پرواز 130 طالب علموں کو وطن واپس لائے گی۔دوسری جانب کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے غیر ملکی طلبا پر حملے روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے بشکیک میں کرغز نائب وزیراعظم کے ساتھ غیرملکی طلبا کے ہاسٹل کا دورہ کیا۔بشکیک میں پاکستانی طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ غیر ملکی طلبا کو سکیورٹی فراہم کرنا کرغز حکومت کی ذمہ داری تھی جس میں بری طرح ناکام ہوئے۔کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے۔پاکستانی طلبا سے گفتگو میں پاکستانی سفیر نے بتایاکہ آج ایک فلائٹ پاکستانی طلبا و طالبات کو مفت پاکستان لے کر جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین چینل کھولنے کے لیے بھی کرغز حکام سے درخواست کی ہے۔پروپیگنڈہ سے متعلق سوال پر سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ بات صرف زیادتی، قتل اور اغواکی افواہوں سے متعلق کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں