کرنٹ لگنے سے محنت کش جاں بحق،نوجوان نے خودکشی کرلی،گولیاں لگنے سے 2افراد لہولہان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) کرنٹ لگنے سے محنت کش جاں بحق، نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، کاروباری معاملات پر 4تاجروں کیساتھ نصف کروڑ کا فراڈ، قاتلانہ حملوں میں گولیاں لگنے سے دو افراد لہولہان ہو گئے، نعشیں ورثاء کے حوالے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ431گ ب کے رہائشی خضر حیات نے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ اس کا بھائی محمد اسلم جانوروں کے لیے چارہ کاٹنے429گ ب گیا تو وہاں زمیندار رب نواز نے اپنی مکئی کی فصل کے گرد باڑ لگا کر کرنٹ چھوڑ رکھا تھا اس کا ہاتھ تاروں کو چھونے سے کرنٹ لگا اور وہ موقع پر زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر زمیندار رب نواز اور اس کے بیٹے مراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، جبکہ گھریلو حالات سے تنگ آ کر مقبول آباد کے رہائشی 30سالہ عابد ولد شریف نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔ تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ جوہر کالونی میں معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف عدنان کو بری طرح زخمی کر دیا’ تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ 146رب میں عداوت کی بناء پر مشتعل افراد نے گولیاں مار کر عبدالرحیم نامی نوجوان کو بری طرح لہولہان کر دیا’ حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتے فرار ہو گئے’ مضروبان کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں کاروباری معاملات پر ریلبازار کے تاجر باغ علی نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم زبیر نے 14لاکھ کا مال لیکر جعلی چیک تھما دیا۔ جڑانوالہ روڈ کے رہائشی امین نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم ریاض نے کاروباری لین دین پر 19لاکھ کا چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا۔ جمیل آباد کے رہائشی عدنان اسلم کو ملزم تنویر نے 10لاکھ اور گلستان کالونی کے سیف اﷲ کو ملزم مزمل نے 5لاکھ 70ہزار کا چیک دیا جو کہ جعلی نکلے، پولیس نے جعلی چیک دینے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں