کروڑوں روپے مالیت کی سمگل چھالیہ برآمد

اسلام آباد (بیورو چیف) ایف بی آر کے ماتحت ڈیپارٹمنٹ پاکستان کسٹمز نے 4بسوں سمیت 25کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 30.5میٹرک ٹن سمگل شدہ چھالیہ برآمد کرلی۔ ایف بی آر کے مطابق انفورسمنٹ کلکٹریٹ گڈانی نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کاروائی کرتے ہوئے فرنٹیئر کور اور مقامی پولیس کی معاونت سے ضلع حب میں اشوک پمپ کے قریب کارروائی میں غیر ملکی ساختہ 30.5میٹرک ٹن اسمگل شدہ چھالیہ اور چار مسافر بسیں ضبط کرلیں۔ضبط شدہ سامان اور گاڑیوں کی مجموعی مالیت کا تقریبا 25کروڑ 25لاکھ روپے لگایا گیا ہے، یہ کارروائی چیف کلکٹر(انفورسمنٹ)کی طرف سے ملنے والی مصدقہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔حکام کے مطابق جیسے ہی قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے کارروائی شروع کی ایک ہجوم جمع ہو گیا جس سے بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کی صورتحال پیدا ہوئی، جھڑپ کے دوران بسوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔کسٹمز، ایف سی اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے صورت حال پر قابو پا لیا گیا، مخالفانہ ماحول اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ضبط شدہ گاڑیوں کو فوری طور پر تحویل میں لے کر کسٹمز ویئرہاوس گڈانی منتقل کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں