کرکٹر ثناء میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

لندن(سپورٹس نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 2025کے ہال آف فیم میں7کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں پاکستانی ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر بھی شامل ہیں۔ہال آف فیم میں شامل ہونے والے نئے کھلاڑیوں کا اعلان ویسٹ انڈین لیجنڈ ای این بشپ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے قبل لندن میں ہونے والی تقریب میں کیا۔اس موقع پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو بھی دیگر 6کرکٹرزکے ساتھ ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا۔دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ، بھارت کے ایم ایس دھونی، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری اور انگینڈ کی ویمن کرکٹر سارہ ٹیلر شامل ہیں۔ثنا میر اس فہرست میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون اور ملک کی مجموعی طور پر آٹھویں کرکٹر ہیں۔ان سے قبل پاکستان کے عمران خان، وسیم اکرم، جاوید میانداد، عبدالقادر، ظہیر عباس، وقار یونس اور حنیف محمد ہال آف فیم کا حصہ بن چکے ہیں۔اس موقع پر ثنا میر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی سڑکوں پر کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچنا ایک طویل سفر ہے، ہال آف فیم میں شامل ہونا ان کے لیے ایک جذباتی موقع ہے۔ثنا میر کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان میں ویمن پلیئرز کی تعداد مکمل نہیں تھی، ہمارے پاس ویمن کرکٹرز رول ماڈل ہی نہیں تھیں، آج اتنی بڑی تعداد میں خواتین کرکٹرز ہیں جو سب کے لیے مثال ہیں۔خیال رہے کہ ثنا میر نے اپنے ایک روزہ کرکٹ کرئیر کا آغاز دسمبر 2005کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلا۔ثنا میر نے اپنے کرئیر میں 226بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی، اس دوران انہوں نے 2009سے 2017تک 137بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔انہوں نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630رنز بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں