نئی دہلی ( سپورٹس نیوز)انگلینڈ کے اسٹار بلے باز ہیری بروک پر انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل)میں شرکت پر دو سال کے لیے پابندی عائد کردی گئی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے ہیری بروک نے آئی پی ایل 2025 میں دہلی کیپٹلز کی جانب سے منتخب کیے جانے کے باوجود کھیلنے سے انکار کیا جس کے بعد ان پر دو سال کے لیے پابندی عائد کردی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)کو ہیری بروک پر پابندی کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے اور اس فیصلے کے تحت اگلے دو برسوں تک بروک کو آئی پی ایل کی نیلامی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ای سی بی کا باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے اور بروک پر دو سالہ پابندی پالیسی کے مطابق ہے، جس سے تمام کھلاڑیوں کو گزشتہ برس آئی پی ایل کی نیلامی سے قبل بتا دیا گیا تھا، یہ پالیسی بورڈ کی جانب سے بنائی گئی ہے اس پر ہر کھلاڑی کو عمل کرنا ہوتا ہے۔ہیری بروک پر پابندی کا فیصلہ آئی پی ایل کی گورننگ باڈی کے نئے قواعد کے تحت کیا گیا ہے۔
