کسانوں کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) کسان بورڈپاکستان کے مرکزی صدرسرد ا ر ظفرحسین خاں نے کہا ہے کہ صوبہ بھرمیںکسان سراپا احتجاج ہیں مگرحکومت نے کان بندکر رکھے ہیں، لاکھوں ٹن گندم کٹائی کیلئے تیار ہے۔حکومت نے گندم بحران کا حل تلاش نہ کیا گیا تو ملک ایک بڑے غذائی بحران کاشکار ہو سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائدہوگی۔ کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑیںگے، حکمرانوں سے کسانوں کے نقصان کی ایک ایک پائی وصول کریںگے۔ حکومت کسانوںکو بینکوں اور آڑھتیوں کے قرض تلے دباکر کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیسے کرے گی۔ ملک کی 70 فیصد آبادی براہِ راست یا بالواسطہ زراعت سے وابستہ ہونے کے باوجود حکومت زراعت کی ترقی کے لیے کسانوں کو سہولیات دینے کی بجائے انہیں زندہ درگور کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ افسر شاہی کی غلط پالیسیوں اور کمیشن مافیا کی ملی بھگت کے باعث آج کسان در بدر ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی وزرا ء اپنی اپنی بولیاں بول رہے ہیں جبکہ کسان کی سال بھرکی کمائی پر آڑھتی اور مڈل مین ہاتھ صاف کر رہے ہیں۔ گندم امپورٹ اسیکنڈل کے قومی مجرم وزارتوں اور مراعات کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ کسانوں کی جمع پونجی گندم کی شکل میں کھیتوں میں خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سر کاری نرخوں پر گندم خریداری کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں