12

کسان کارڈ ریکوری کے عمل کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ

لاہور( بیورو چیف)وزیرِاعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے کسان کارڈ ریکوری کے عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے خصوصی انعامی پیکج کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں کسان کارڈ ریکوری کی قرعہ اندازی میں کامیاب خوش نصیب کاشتکاروں کیلئے تقریب تقسیمِ انعامات ایگریکلچر ہاس لاہور میں منعقد ہوئی۔تقریب کی صدارت وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے تین قرعہ اندازیوں میں کامیاب 14 خوش نصیب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز، 10 کاشتکاروں میں عمرہ کے ٹکٹس، 21 کاشتکاروں میں موٹر بائیکس، 90 کاشتکاروں میں سونے کے سکے اور 60 کاشتکاروں میں موبائل فونز تقسیم کیے۔وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر چوتھی انعامی قرعہ اندازی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو کاشتکار 12 نومبر تک اپنے ذمے واجب الادا کسان کارڈ کے واجبات جمع کروائیں گے، وہ چوتھی انعامی قرعہ اندازی میں شامل ہونے کے اہل ہوں گے۔ چوتھی انعامی قرعہ اندازی 13 نومبر کو منعقد کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اب تک کسان کارڈ کی 75 فیصد سے زائد ریکوری مکمل ہو چکی ہے جبکہ بل کی ادائیگی کے 24 گھنٹے بعد اہل کاشتکاروں کو اگلی رقم جاری کی جا رہی ہے۔ سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ ربیع سیزن کے لیے 10 لاکھ کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی جاری ہے تاکہ وہ بروقت اپنی فصلات کی تیاری کر سکیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کسان کارڈ کے استعمال سے گندم کے لیے بیج اور کھاد کی بروقت خریداری ممکن ہو رہی ہے جس سے کاشتکاروں کو مالی و فنی سہولت میسر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈکے ذریعے کھادوں کے متناسب استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ کارڈ کے ذریعے 30 فیصد رقم بطور کیش نکلوانے اور 20 فیصد رقم ڈیزل کی خریداری کے لیے مختص کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں