27

کسی بھی جارحیت پر بھارت کو منہ توڑ جواب ملے گا (اداریہ)

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت جارحیت پر بضد رہا تو منہ توڑ جواب دیں گے مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے پاکستان مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، غزہ میں جاری نسل کشی ایک بدترین انسانی المیہ ہے جس کے عالمی اور علاقائی دونوں سطح پر شدید مضمرات ہیں، ہماری بھارت کے خلاف سفارتی اور سکیورٹی میدان میں حالیہ کامیابی’ اﷲ تعالیٰ کی رحمت’ قوم کی اجتماعی کوشش’ سیاسی لیڈر شپ کی دور اندیشی واستقامت اور ہماری بہادر افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا نتیجہ ہے اب ہمارے سامنے سوال یہ نہیں کہ اگر ہم اُٹھیں گے بلکہ سوال یہ ہے کہ کتنی جلدی اور کتنی قوت سے ہم اُٹھیں گے؟ آئیے ہم اپنے آبائو اجداد کی میراث قائم رکھتے ہوئے’ ایک نئے جذبے اور مقصد کے ساتھ کھڑے ہو کر آگے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ امریکہ پر پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت اب بھی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے پاکستان واضح کر چکا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت پر اسے منہ توڑ جواب ملے گا افغانستان سے کئی دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے خلاف متحرک ہیں ان کیلئے کوئی ہمدردی نہیں’ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے لیکن ملک دشمن عناصر اسے افراتفری پیدا کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا بیرون ملک پاکستانی عزت ووقار کا سرچشمہ ہیں’ بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی RAW کی ٹرانس نیشنل دہشتگرد سرگرمیوں میں شمولیت عالمی سطح پر شدید تشویش کا باعث ہے اس کی مثالیں کینیڈا میں سکھ راہنما کا قتل قطر میں آٹھ بھارتی نیول افسران کا معاملہ اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات ہیں جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی امتیازی اور دوغلی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے حالیہ بھارتی جارحیت جو شرمناک بہانوں کے ساتھ کی گئی، نے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی اور معصوم شہریوں کو شہید کیا انہوں نے کہا کہ اس بھارتی جارحیت نے خطے کو ایک خطرناک طور پر بھڑکنے والی جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا جہاں کسی بھی غلطی کی وجہ سے دوطرفہ تصادم بہت بڑی غلطی ہو گی پاکستان صدر ٹرمپ کا انتہائی مشکور ہے جن کی اسٹرٹیجک لیڈر شپ کی بدولت نہ صرف بھارت پاکستان جنگ رکی بلکہ دنیا میں جاری بہت سی جنگوں کو روکا گیا ہے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے اس اشتعال انگیزی کا پرعزم اور بھرپور جواب دیا ہے ہم نے وسیع تر تنازعہ کو روکنے کیلئے کامیابی حاصل کی، فیلڈ مارشل سید عاصم نے کہا کہ محض ڈیڑھ ماہ کے وقفہ کے بعد میرا دوسرا دورہ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ایک نئی جہت کی علامت ہے ان دوروں کا مقصد تعلقات کو ایک تعمیری’ پائیدار اور مثبت راستے پر گامزن کرنا ہے،، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کسی بھی جارحیت پر بھارت کو واضح پیغام اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ بھارت خبردار رہے اور پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی کبھی بھی جرأت نہ کرے پاکستانی افواج کی بہادری کی پوری دنیا معترف ہے بھارت کو اسکی جارحیت کے بعد پاکستان نے چند گھنٹوں کے اندر جتنا نقصان پہنچایا اس کی بھارت کو توقع نہیں تھی بھارت پاکستان کی دفاعی قوت کو آزمانا چاہتا تھا اور اس نے دیکھ لیا کہ پاکستانی افواج کیا کر سکتی ہے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سے اپنے خطاب میں بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی کی سرگرمیوں کو بھی بے نقاب کرتے ہوئے اسے خبردار کیا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ مہم چلانے سے باز رہے انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم ہونا چاہیے اور اس تنازعہ کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غزہ میں جاری انسانی المیہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی بند ہونی چاہیے۔ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر غزہ میں محصور فلسطینیوں تک خوراک اور ضروری ادویات کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کی جائیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ڈیڑھ ماہ کے وقفہ کے بعد دوسرا دورہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں