47

کشمیر پر انڈین قبضے ، ظلم و ستم کیخلاف فیصل آباد میں بھی یوم سیاہ منایا گیا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ضلع بھر میں انڈیا کے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا اس سلسلے میں ضلع کی تحصیلوں،قصبوں اور دیگرمقامات پر احتجاجی ریلیاں منعقد ہوئیں اورمختلف شاہراؤں، مارکیٹوں دیگر عوامی مقامات پر یوم سیاہ کے حوالے سے سیاہ پرچم اور بینرز آویزاں کئے گئے تھے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم سیاہ کے موقع پر انڈین جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز کارروائیوں کی بھر پور مذمت کے لئے مرکزی ریلی ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی قیادت میں ضلع کونسل چوک سے شروع ہوئی جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران،سٹاف ممبران،طالب علم اورسول سوسائٹی کے افرادبڑی تعداد میں شریک تھے۔ریلی پریس کلب سے گزرتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے”کشمیری مانگے انصاف”،”انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار”،”مقبوضہ کشمیر میں انصاف خاموش کیوں”،”کشمیر میں بھارتی جارحیت غیر قانونی”اور دیگر تحریروں پر مشتمل بینرز و پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ27،اکتوبر مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب 1947ء میں اس دن بھارت نے کشمیریوں کو دبانے،خوفزدہ کرنے،انہیں محکوم بنانے اور مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کرنے کے لئے اپنی افواج سرینگر میں اتاری۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے خلاف جبر و استبدار اور بے پناہ مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتی اور عالمی مصنفوں کے ضمیر کو جگانے اور 76سال سے ظلم وستم سہنے والے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج یوم سیاہ منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں ناانصافیوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم کے بارے میں دنیا کو موثر انداز میں آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی ان کے ساتھ کھڑی تھی اور مشکل کی گھڑی میں آج بھی ان کے ساتھ ہے اور آنے والے وقت میں بھی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور بے گناہ کشمیریوں پربدترین ظلم وبربریت کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور شہ رگ کو کبھی جدا نہیں کیا جاسکتا۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے سفیر اور ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ شریک ہیں۔کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔انہوں نے کشمیری حریت پسندوں کوسلام پیش کیا اور کہا کہ کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔دیگر مقررین نے کہا کہ آزادی کے حصول کے لئے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کی یہ جنگ اب فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں