کشمیر کبڈی کپ سانجھا پنجاب کلب نے جیت لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ”کشمیر کبڈی کپ” سانجھا پنجاب کبڈی کلب نے جیت لیا، آزاد کبڈی کلب یوکے نے دوسری جبکہ شیر پنجاب کبڈی کلب نے تیسری اور ننکانہ صاحب کبڈی کلب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر فائنل میچ کے مہمان خصوصی اور ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان اعزاز تھے۔ کشمیر کبڈی کپ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس گرائونڈ میں منعقد ہوا جو کہ شائقین کبڈی سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ میچ کے دوران گرائونڈ کشمیر بنے گا پاکستان’ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ سانجھا پنجاب کبڈی کلب نے آزاد کبڈی کلب یو کے کو 33کے مقابلہ میں ساڑھے 36پوائنٹس سے شکست دی۔ مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی’ سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی۔ پاکستانی قوم مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کبڈی کپ کا انعقاد کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہمہ جیت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کشمیر کبڈی کپ کا انعقاد اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ آخر میں جیتنے والی ٹیم سانجھا پنجاب کبڈی کلب کو 3لاکھ روپے اور ٹرافی، دوسرے نمبر پر آنیوالی ٹیم آزاد کبڈی کلب یوکے کو 2لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنیوالی ٹیموں بالترتیب شیر پنجاب کبڈی کلب اور ننکانہ صاحب کبڈی کلب کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں