کشمیر کبڈی کپ 5فروری کو سپورٹس گراؤنڈ ایف ڈی اے سٹی میں کھیلا جائیگا

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ”کشمیر کبڈی کپ” کے مقابلوں کے انعقاد کیلئے ٹیموں کی قرعہ اندازی کی گئی۔ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ، سیکرٹری جنرل ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔قرعہ اندازی کی تقریب میں کبڈی ٹیموں کے کپتان، کوچز ، ریفری اور مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان شریک تھے۔ کشمیر کبڈی کپ پانچ فروری کو سپورٹس گرائونڈ ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں کھیلا جائیگا۔ جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں پر مشتمل کبڈی کے چار نامور ٹیمیں حصہ لیں گی۔ قرعہ اندازی کے مطابق کبڈی کا پہلا میچ سانجھا پنجاب کبڈی کلب اور ہائوس آف ٹائرشیر پنجاب کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا میچ ننکانہ صاحب کبڈی کلب اور آزاد کبڈی کلب 409 UKکی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوگا ۔ ان میچز میں جیتنے والی ٹیمیں فائنل میچ میں پہنچیں گی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے اس خطے کا مقبول ترین کھیل ہے جس کے مقابلے شائقین کیلئے بے حد دلچسپی کا باعث ہیں یہی وجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اس روایتی اور ثقافتی کھیل کے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ کشمیر کبڈی کپ شائقین کے گہری کشش کا باعث ہوگا اور وہ بڑی تعداد میں کانٹے دار مقابلے دیکھنے کے لئے آئیں گے جس کیلئے ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کشمیر کبڈی کپ کے احسن انداز میں انعقاد کیلئے مربوط حکمت عمل اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شائقین کی ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی نے ٹیموں کے کھلاڑیوں،کپتان ، کوچز اور مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان کا تعارف کرایا اور کشمیر کبڈی کپ میں شریک ہونیوالے ٹیموں کیلئے طے شدہ شرائط اور قواعد وضوابط سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ فروری کو کشمیر کبڈی کپ کا پہلا میچ دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع ہوجائیگا جبکہ فائنل میچ کیلئے چار بجے سہ پہر کاوقت مقرر کیا گیا ہے ۔ میچز کے وقفہ کے دوران کشمیر کبڈی کلب اور رندھاوا کبڈی کے مابین نمائشی میچ کھیلا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں