52

کفایت شعاری پلان ‘ محکموں کے بجٹ میں 15 فیصد کٹوتی کا فیصلہ

اسلام آباد(بیوروچیف)کفایت شعاری عملدرآمد مانیٹرنگ کمیٹی نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے موجودہ بجٹ میں 15فیصد کٹوتی کریں،وقت اور اخراجات کی بچت کیلئے تمام اجلاسوں کے لیے ٹیلی کانفرنسز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے’وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ ادارے بغیر استثنی کے اپنی صفوں میں خلوص اور لگن کے ساتھ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ وقت اور اخراجات کی بچت کے لیے تمام اجلاسوں کے لیے ٹیلی کانفرنسز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے کمیٹی نے آگاہ کیا کہ کابینہ کے ارکان اور سرکاری افسران کے پرتعیش گاڑیوں کے استعمال کو واپس لینے کے فیصلے پر کسی بھی صورت میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے قائم کی گئی مانیٹرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارتیں اورڈویژن پہلے ہی کفایت شعاری اقدامات پر کام کر رہے ہیں اور ان فیصلوں میں دی گئی کسی بھی چھوٹ اور خلاف ورزی کی رپورٹنگ اور فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کمیٹی نے تمام وزارتوں کے پرنسپل اکاونٹنگ افسران (پی اے اوز)کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موجودہ بجٹ میں 15 فیصد کٹوتی پر عمل درآمد کریں۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی چیلنجنگ معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی استثنی کے اپنی صفوں میں خلوص اور لگن کے ساتھ کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کفایت شعاری سے متعلق کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی صورتحال پر پریزنٹیشن دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں