کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن کے عبوری عہدیداران کا ایک سال میں الیکشن کرانے کا اعلان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے عبوری عہدیداروں نے ایک سال کے اندر الیکشن کرانے کا اعلان کر دیا’ کپڑے کی تمام مارکیٹوں کا سروے مکمل کر رہے ہیں اور تمام مارکیٹوں کے حصہ بقدر جسہ ووٹ بنا رہے ہیں’ یہ عمل مکمل کرنے کے فوری بعد الیکشن ہو جائیگا’ ان خیالات کا اظہار کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے نومنتخب صدر سلطان بٹ’ جنرل سیکرٹری شیخ محمد فیصل’ چیف آرگنائزر شیخ ارسلان اچھی’ چیئرمین ڈاکٹر محمود یوسف’ سینئر نائب صدر شیخ آصف نے تاجر رہنمائوں ملک عامر مجید’ ملک شاہد مجید’ ملک زاہد مجید آف فتح ٹیکس کی طرف سے کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے کیا’ مقررین نے کہا کہ فیصل آباد میں تاجر تنظیموں کا المیہ رہا ہے کہ یہاں الیکشن کا رواج نہ ہونے کے برابر ہے’ ہر شخص تاحیات اپنے عہدے پر تعینات رہنا چاہتا ہے اور اگر کسی نے الیکشن کی بات کی تو اسے تنظیم سے ہی فارغ کر دیا جاتا ہے مگر کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن فیصل آباد میں ایسا ہرگز نہیں ہوگا’ انہوں نے کہا کہ ہم سب عبوری طور پر ڈیوٹیاں نبھا رہے ہیں ہم میں سے کوئی بھی مستقل عہدیدار نہیں ہے’ میزبان تقریب ملک عامر مجید’ ملک شاہد مجید’ ملک زاہد مجید نے کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے ممبران کو پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کی مالائیں پہنائیں’ ملک عامر مجید’ ملک شاہد مجید’ ملک زاہد مجید نے کہا کہ کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے عہدیداروں میں خدمت کا جذبہ ہے اور وہ تاجروں کے لئے کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں’ کپڑے کے تاجروں کے مسائل کپڑے کے کاروبار سے منسلک لوگ ہی حل کر سکتے ہیں’ لہٰذا ہم کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے نومنتخب عہدیداروں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کرتے ہیں’ ہمارا ہرقسم کا تعاون ان کے ساتھ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں